ملک بھر میں27 جولائی تک شدید طوفانی بارشیں ہوں گی: این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

لاہور (ڈیلی اردو) نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں 27 جولائی تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے موبائل فونز پر میسجز کے ذریعے شہریوں کو الرٹ جاری کر دیئے گئے ہیں کہ مون سون میں احتیاط برتی جائے، گھروں کی چھتیں اور برساتی پرنالے چیک کریں اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات پنجاب نے ممکنہ سیلاب کی فلڈ الرٹ ایڈوائزری جاری کردی ہے،27 جولائی تک مون سون کی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، مون سون بارشوں سے ملک کے بالائی حصوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب آسکتے ہیں۔ موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج راولپنڈی، سرگودہا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات جبکہ پارا چنار، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور ، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

سیلابوں کا سلسلہ دریا کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں سے شروع ہوگا، منگلا کے مقام پر بڑے سیلابی ریلے کی پیش گوئی کی گی ہے، دریا چناب، دریا سندھ، تربیلا کے مقام پر بھی شدید سیلاب آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دریا راوی ملحقہ ندی نالوں بسنتر، اوجاڑی، بین، حسری، جھاڑی میں بھی بڑا سیلابی ریلا آ سکتا ہے۔ دریا چناب، بھمبر، پالکو میں بھی سیلابی ریلا گزر سکتا ہے، شدید بارشوں اور سیلابی کیفیت شہری علاقوں میں بھی شدید متاثر کرسکتی ہے۔

پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا ڈویژن میں بڑا سیلابی ریلا آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات پنجاب نے تمام صوبائی اداروں کو فلڈ الرٹ ایڈوئزری بھیج دی ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو اپنے اپنے علاقوں میں ممکنہ سیلابی کیفیت سے پہلے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں