پاکستان میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچانا شروع کر دی

لاہور + راولپنڈی + اسلام آباد + مانسہرہ + دیر بالہ + پارا چنار (نمائندگان ڈیلی اردو/ مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مون سون کی بارشوں سے چھت گرنے، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ سے سیاحوں سمیت مزید 16 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے تباہی جاری ہے، اب تک مختلف حادثات کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 71 سے تجاوز کر گئی ہے ۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے وفاقی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 55 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 51 زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

لاہور کے علاقے مومن پورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 6 سالہ خرم شہزاد، 8 سالہ ہارون اور 10 سالہ ثانیہ شامل ہیں جب کہ بچوں کی ماں اور دیگر 6 بچے زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہیئر کے علاقے لیل گائوں رنگ روڈ کے قریب بارش کے دوران مٹی سے بنے گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں پچاس سالہ منظوراں بی بی اور منظور ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ پانچ سالہ رضا، 13 سالہ زاہدہ بتول اور 27 سالہ عطا محمد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمی افراد کوہسپتال منتقل کر دیا۔

ادھر اسلام آباد کے ایک گھر کے تہہ خانے میں پانی بھر جانے سے خاتون اور بچہ جاں بحق اور 6 افراد بے ہوش ہو گئے۔

اسلام آباد سے نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق بارش کے باعث پہلا المناک واقعہ تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں پولیس فائونڈیشن پی ڈبلیو ڈی کے ایریا میں پیش آیا جہاں گھر کی بیسمنٹ میں شدید بارش کے دوران پانی بھرنے سے 31 سالہ خاتون اور اس کا 9 سالہ بیٹا ڈوبنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ سات افراد کو 1122 کی ٹیم نے ریسکیو کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ میں 31 سالہ سحرش زوجہ فرحان اپنے کمسن بیٹے شایان سمیت ڈوبنے سے جاں بحق ہوگئیں۔

راولپنڈی میں تھانہ روات کے علاقے بحریہ فیز 7 میں معروف قانون دان عمران کیانی گاڑی سمیت بارش کے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن کی ریسکیو ٹیموں نے تلاش شروع کردی۔

اسلام آباد کے تھانہ سہالہ کے علاقے میں17سالہ لڑکا اورنگزیب ولد جاوید سکنہ بالا کوٹ دریائے سواں میں ڈوبنے سے لاپتہ ہوگیا۔

پنجاب کے ضلع گجرات میں بارش کے باعث شہر کا بیشتر حصہ بارشی پانی میں ڈوب گیا علاوہ ازیں نواحی گاؤں چھنی حافظ کا رہائشی آٹھ سالہ محمد رحمان بارش کے پانی میں نہا رہا تھا گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ شہر و گردونواح میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا تھا جو کہ وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ دن کو بھی جاری ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے بالا کوٹ میں بٹہ کنڈی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ ناران بند ہو گئی جس سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے ناران روڈ کی بندش کے باعث ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن کی لاشیں نہ نکالی جا سکیں۔

مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو مقامی بچے اور دو سیاح شامل ہیں۔ ناران کے سیاحتی مقامات جل کھڈ اور بوڑاوئی میں شدید لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان کئی مقامات سے بند ہوگئی۔

دوسری جانب دیر بالا کے سیاحتی مقام کمراٹ میں موسلا دھار بارش نے سیلاب کی شکل اختیار کرلی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق تھل میں رہائشی مکان سیلابی ریلے میں بہہ گیا، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کمراٹ شاہراہ بند مقامی افراد اور سیاح پھنس گئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیلابی ریلہ کلکوٹ کے طرف بڑھ رہا ہے جس سے مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔

پاراچنار سے نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق شہر اور ضلع کرم کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے بارانی ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد علاقوں میں کچے مکانات گرگئے آمد و رفت کے راستے بند ہوگئے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرم ڈاکٹر آفاق وزیر کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور جہاں جہاں سے مدد کیلئے رابطہ کیا جارہا ہے وہاں امدادی ٹیمیں روانہ کئے جارہے ہیں۔ مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے بائیس زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کیلئے پہنچایا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہفتے تک بارشوں کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر، ژوب، قلات، ڈی جی خان ڈویژن میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ بارشوں سے برساتی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے۔

اس کے علاوہ کشمیر، ہزارہ ڈویژن اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اتوار سے مون سون کے بادل کراچی کا رخ کریں گے، شہر قائد سمیت سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر نے شدید بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ الرٹ میں قلات، سبی اور ژوب ڈویژن میں مقامی دریاوٰں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا، دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا جس سے اونچے درجے کا سیلاب آ گیا، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں