شہدا کا خون قرض ہے کبھی نہیں بھولیں گے، دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے: آرمی چیف

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ شہدا کا خون قرض ہے جو کبھی نہیں بھولیں گے۔ دہشت گردوں کو چن چن کر ماریں گے۔

پاک فوج اور تمام ادارے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر طاقت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں گے۔

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں پاک آرمی کے کیپٹن سمیت 10 جوانوں کی شہادت پر ردعمل میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان استحکام کے ساتھ دیرپا امن کی جانب گامزن ہے، ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع اور سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔ وقت آ گیا ہے کہ دنیا علاقائی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

سپہ سالار نے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ شہدا کا خون قرض ہے جو کبھی نہیں بھولیں گے، دہشت گردوں کو چن چن کر ماریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر طاقت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں گے۔

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سپاہی بچل کو کندھ کوٹ میں نماز جناز ہ ادا کی گئی۔ جس کے بعد انہیں آبائی علاقے کریم بخش باجکانی میں سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے افسران اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

شہید فوجی جوان محمد بچل کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ شہید فوجی جوان محمد بچل آٹھ سال سے پاک فوج میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔

دوسری جانب شہید نادر حسین کی نمازجنازہ صوابی میں آبائی گاؤں یعقوبی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ اور تدفین میں وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہید نادرحسین کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

اس سے قبل بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن عاقب جاوید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سرگودھا میں ان کے آبائی گاؤں نوتھیں بھیرہ میں سپرد خاک کیا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھول رکھے گئے۔

کیپٹن عاقب جاوید آواران میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں