کوئٹہ سے اغوا نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد رہا

کوئٹہ (ڈیلی اردو) کوئٹہ سے اغوا ہونے والے نیورو سرجن ابراہیم خلیل 48 روز بعد رہا ہوکر گھر واپس پہنچ گئے

تفصیلات کے مطابق نامعلوم اغوا کار ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو بلوچستان کے علاقے چمن میں مال روڈ پر چھوڑ کر چلے گئے۔

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اہلخانہ نے ان کی بازیابی کی تصدیق کردی ہے۔ سرجن ابراہیم خلیل کو 13 دسمبر کو اغوا کیا گیا تھا اور 48 روز بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔

قید سے رہائی کے بعد سرجن ابراہیم خلیل کافی کمزور نظر آئے اور ان کی داڑھی بھی بڑھی ہوئی تھی۔ جسمانی تشدد سے متعلق سوال کے جواب میں ابراہیم خلیل نے کہا کہ وہ ذہنی طور پر بہت پریشان ہیں کہ کسی سوال کا جواب نہیں دے سکتے، بہتر ہے کہ اس پر بعد میں بات کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ دو دن سے سو نہیں سکے اور رات کو ایسی دوائیں دی گئی ہیں کہ ذہن کام نہیں کررہا، لہذا انہیں بات کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں ڈاکٹروں کو اغوا کرنے کے واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں 33 ڈاکٹرز اغوا ہوئے، 18 ڈاکٹرز کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 90 سے زائد ڈاکٹرز صوبہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔

پی ایم اے دعویٰ کرتی ہے کہ تمام مغوی شدہ ڈاکٹر تاوان کی ادائیگی کے بعد اپنے گھروں کو واپس آگئے

اپنا تبصرہ بھیجیں