احتساب عدالت: سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع

اسلام آباد (ڈیلی اردو) احتساب عدالت نے پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،جہاں نیب کی جانب سے پارک لین کیس میں سابق صدر کے مزید دس روز کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔

نیب کی استدعا پر آصف زرداری نے روسٹم پر آکر کہا کہ ریمانڈ میں عید کے بعد تک کی توسیع کردیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ دو ہفتوں کا ہو سکتا، میں آپ کا دس روزہ ریمانڈ دے رہا ہوں جس کے بعد آپ کی نیب سے جان چھوٹ جائے گی۔

بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ اگست تک توسیع کرتے ہوئے انہیں نو اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

گذشتہ سماعت پر سابق صدر آصف علی زرداری نے عدالت میں شہزاد اکبر کی جائیدادوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کاروائی کی استدعا کی، سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اخباری تراشے عدالت میں پیش کیے تھے، جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ اگر آپ قانونی نوٹس کی کارروائی کرنا چاہتے ہیں تو درخواست دیں،بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری کی پیشی کی کارروائی پوری کرکے سماعت انیس اگست تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں