راولپنڈی میں آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گرکرتباہ، 19 افراد شہید متعدد زخمی

راولپنڈی (ش ح ط / سید توقیر زیدی) راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن فیز 7 کے قریب آرمی ایوی ایشن کا تربیتی طیارہ گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 19 افراد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک شہری آبادی پر گرکر تباہ ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور عملے کے 5 ارکان سمیت سے 12 شہری شہید اور 12 زخمی بھی ہو گئے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ حادثے میں آرمی کے شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدر رحمت بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے گھر پر طیارہ گرنے سے آگ لگی جس نے قریبی مکانات کو اپنے لپیٹ میں لیا تاہم فائر فائٹرز کے عملے نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ شہید ہونے والوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ، ہولی فیملی اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

ریسکیو  کے مطابق طیارے حادثے میں شہدا ہونے والے شہریوں میں جمیل، روبینہ، ذوہیب، پری، فاطمہ، عظمی، بشیر، عبدالحفیظ، راحیلہ، فیضان، فائزہ، عبدالروف اور آمنہ بی بی شامل ہیں ،علاوہ ازیں زخمیوں میں محمد یوسف، شمیم، اقرا بی بی، سوریہ بی بی، صبا جان، محمد ندیم اور دیگر شامل ہیں۔

عینی شاہدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی ، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارہ گرنے سے 4 سے 5 گھروں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک فوج کے تربیتی طیارے کوپیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے حادثہ میں شہادت پانے والوں کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر خارجہ نے اس طیارہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے راولپنڈی میں طیارہ حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں ان کے ساتھ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں