افغانستان: قندھار میں افغان فوجی کی فائرنگ سے دو امریکی ہلاک، تین زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے قندھار کے ضلع شاہ ولی کوٹ میں افغان فوجی کی فائرنگ سے دو امریکی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ قندھار کے ضلع شاہ ولی کوٹ میں تناجوہ فوجی کیمپ کے اندر پیش آیا جہاں ایک افغان فوجی نے امریکی فوجیوں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں حملہ آور افغان فوجی بھی ہلاک ہوگیا۔ امریکی حکام نے اسے اندرونی حملہ قرار دیا ہے جبکہ ہلاک امریکی فوجیوں کا تعلق 82 ایئر بورن ڈویژن سے تھا۔

آپریشن ریزولوٹ سپورٹ نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس سال افغانستان میں حملوں کے دوران مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

ادھر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ 2020 تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ 4 اگست 2014 میں کابل کے نزدیک واقع فوجی اکیڈمی میں ایک افغان فوجی کی فائرنگ کے نتیجے میں امریکی فوج کے میجر جنرل ہیرلڈ گرین ہلاک ہو گئے تھے۔

افغانستان میں سال 2001 میں امریکی فوج کی آمد کے بعد ہلاک ہونے والے یہ سب سے سینیئر فوجی اہلکار تھے۔

4 نومبر 2018 کو کابل میں ہی افغان سیکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے امریکی فوجی اور سابق میئر برینٹ ٹیلر مارا گیا تھا۔ واضح رہے کہ برینٹ ٹیلر امریکی ریاست یوٹاہ کے ایک چھوٹے سے شہر کے میئر تھے اور افغانستان میں بطور نیشنل گارڈ رکن کی تعیناتی کے لیے میئر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں