برازیل کی جیل میں خونریز تصادم: 16 قیدیوں کے سر قلم، 57 ہلاک

برازیل (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) برازیل کی شمالی ریاست پارا کی التمیرا جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 57 قیدی ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے ایک گروپ نے جیل کے ایک حصے میں مخالف گروپ کے قیدیوں پر حملہ کیا اور یہ تصادم 5 گھنٹے تک جاری رہا۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ صوبہ پارا میں واقع التامیرا نامی جیل میں موجود قیدیوں کے دو گروہوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا۔

حکام کے مطابق قیدیوں نے لڑائی کے دوران 2 جیل افسران کو بھی یرغمال بنایا تاہم بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔ قیدیوں کے تصادم کے نتیجے میں اب تک 57 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان قیدیوں میں سے 16 کے سر کٹے ہوئے تھے جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق قیدیوں نے جیل کے کچھ حصے کو آگ بھی لگائی گئی جس کی وجہ سے کئی قیدی دم گھٹ کرہلاک ہوئے۔

اس سے قبل مئی کے مہینے میں بھی مانوس شہر کی 4 مختلف جیلوں میں قیدیوں نے بغاوت کر دی تھی جس میں 57 قیدی مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ برازیل کی جیلوں میں قیدیوں کی آپس میں لڑائی کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کا ہونا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں