پاکستان ہر قیمت پر اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گا: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (ڈیلی اردو) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت پر واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہر قیمت پر شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایل اوسی پر بھارتی فائرنگ مقبوضہ کشمیرمیں ناکامی کی عکاس ہے، بھارت جان بوجھ کر آبادی کونشانہ بنا رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان ہرسیزفائر کی خلاف ورزی کا مؤثرجواب دے رہا ہے، پاکستان ہرقیمت پر اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت رواں سال 1824 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے، جس کے باعث پاکستان کی 17 شہادتیں ہوئیں ہیں۔

واضح رہے کہ آج مسلسل تیسرے روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سرحدی خلاف ورزی کی ہے، بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث چار سالہ بچہ ایان شہید ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دفتر خارجہ میں ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں