نیب نے سید خورشید شاہ اور سردار مہتاب خان عباسی کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور سابق گورنر خیبرپختونخوا اور مسلم لیگی رہنما سردار مہتاب خان عباسی کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔

نیب  اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں خالد شیر دل، سابق سیکرٹری انڈسٹری پنجاب محمد اقبال خان، ایس پی ایف او فارسٹ ڈویژن مینگورہ منور نذیر عباسی اور سابق سی ای او سکھر الیکٹرک پاور کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ایکسئن آپریشنز ٹیسکو فاٹا سرکل سید اکرام اللہ شاہ کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ملزم پر مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے پر قومی خزانے کو 49.07 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

نیب اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں او جی ڈی سی ایل انتظامیہ، پرائیویٹائزیشن کمیشن کے سرکاری عہدیدارن، ٹرسٹ انویسمنٹمنٹ بینک، وزارت اطلاعات کے افسران اور اہلکاروں اور گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخواہ کے افسران اور اہلکاروں کےخلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی ہے۔

سید تنویرالحسن گیلانی، رکن قومی اسمبلی افتخار گیلانی، اکبر رشید، چیف انجینئر فاران ایڈز ورکس حیات آباد اور دیگر کے خلاف انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں سابق وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر شاہد محبوب کے خلاف بھی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں