شمالی وزیرستان: رزمک میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 4 بچے شدید زخمی

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں 4 بچے شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی و جنوبی ضلع وزیرستان کے سنگم پر واقع تحصیل رزمک کے علاقے بازی خیل میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں چار بچے شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی شناخت مخلص خان، سیف الدین، رحمان اللہ اور بسم اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی عمریں 7 تا 12 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ چاروں بچوں کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع خصوصاَ شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں کے دھماکے ایک معمول بن چکے ہیں جن میں اب تک خواتین اور بچوں کے علاوہ متعدد سیکیورٹی اہلکار بھی شہید یا زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اہل علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حسب وعدہ علاقے سے مائنز کا صفایا کیا جائے تاکہ وہ اور ان کے بچے ان کا شکار بننے سے مزید بچ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں