حوثیوں کا یمنی فوج کی پریڈ پر بلیسٹک میزائل حملہ، اعلی حکام و کمانڈروں سمیت 32 جاں بحق

صنعا (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے حکومتی فوج کی پریڈ پر بلیسٹک میزائل حملے میں اعلی حکام و کمانڈروں سمیت 32 جاں بحق ہو گئے۔

حوثیوں کے ٹی وی چینل ‘المسیرۃ’ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ حوثی ملیشیا نے بلیسٹک میزائل کے ذریعے کیا جس کا نشانہ یمن کی فوجی قیادت تھی۔

تفصیلات کے مطابق یمن کی فوجی پریڈ پر حوثی ملیشیا فورس کے حملے کے نتیجے میں اعلی حکام و فوجی کمانڈروں سمیت 32 سے زائد اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کا کہنا ہے کہ یمن کے صوبے عدن کے ضلع برائقا میں واقعہ الجالا ملٹری کیمپ پر اُس وقت دھماکا ہوا جب وہاں پریڈ کی تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں۔ حملے کے نتیجے میں 32 سے زائد اہلکاروں کی جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکومت کے حامی سکیورٹی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کمانڈر بریگیڈیئر جنرل منیر الیافی بھی شامل ہیں جنہیں فوجی کمان میں اہم حیثیت حاصل تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمانڈر منیر الیافی ملٹری پریڈ دیکھنے کے لیے اسٹیج پر موجود تھے اور وہ مہمانوں کے استقبال کے لیے اپنی نشست سے اٹھے ہی تھے کہ اسٹیج کے پیچھے زور دار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی اور فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کا عمل شروع کیا گیا۔

‘رائٹرز’ کے مطابق اہلکاروں کی بڑی تعداد ایک لاش کے گرد جمع ہو کر رو رہی تھی اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ لاش کمانڈر منیر الیافی کی ہوسکتی ہے۔

امریکی خبررساں ادارے ‘ اے پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صحت حکام نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عدن میں ملٹری پریڈ کے دوران میزائل حملہ کیا گیا۔

دوسری جانب یمن حوثیوں کے آفیشل ٹی وی چینل ‘المسیرا’ کے مطابق یمنی فوج کی ملٹری پریڈ پر مختصر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا ہے۔ بعد ازاں ایک ڈرون حملہ کیا گیا۔

حوثیوں کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ ثاریا نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا نے متحدہ عرب امارات کی وفادار فورسز پر بیلسٹک میزائل داغا۔

ملٹری پریڈ پر حوثیوں کے حملے کے بعد یمن کی حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے فی الحال کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ یمن میں سعودی حمایت یافتہ حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری جنگ میں گزشتہ چار برس کے دوران ہزاروں افراد لقمہ اجل اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں