پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 12 اگست کو ہوگی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا اور عیدالاضحی 12 اگست بروز پیر کو ہوگی۔

کراچی میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیرصدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے علاقے چھور، پنجاب میں سیالکوٹ، کے علاوہ خیبر پختونخوا سمیت دیگر علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے دو روز قبل 12 سے 15 اگست تک عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا تھا۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ 16 اگست بروز جمعے سے وفاقی حکومت کے ماتحت ادارے کھل جائیں گے، جبکہ 17 اگست بروز ہفتہ بھی تمام دفاتر میں معمول کے مطابق کام ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے 28 جولائی کو پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ذوالحج کا چاند 2 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے اور نئے چاند کی پیدائش یکم اور 2 اگست کے درمیان ہوگی اور یکم ذوالحج 3 اگست 2019 کو ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے 6 جون کو عیدالفطر کے اعلان کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ‘چلیے اب اس عید کی بحث ختم ، اب اگلے دو اہم اسلامی دن یعنی عید الاضحیٰ اور محرم کب ہیں، ہجری کیلنڈر کے مطابق عید الا ضحیٰ سوموار 12 اگست 2019 اور محرم یکم ستمبر 2019 بروز اتوار کو ہو گا’۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ روز ذوالحج کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا تھا اور 10 اگست کو حج کا رکن اعظم ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں