وانا + میران شاہ (ڈیلی اردو) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف جمعے کو شمالی اور جنوبی وزیرستان میں مظاہرے کیے گئے جبکہ جنوبی وزیرستان کے مرکز وانا میں ‘جیل بھرو’ تحریک کے آغاز کے پہلے روز درجنوں افراد نے رضاکارانہ گرفتاری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان کی تحصیل وانا اور میران شاہ میں پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے مقامی رہنماؤں سمیت 30 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے کارکنان ممبرز قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی رہائی کیلئے احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے مرکز وانا میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے بعد پی ٹی ایم کے کارکنوں نے ‘جیل بھرو’ تحریک کا اعلان کرتے ہوئے درجنوں افراد نے رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے پی ٹی ایم کے کارکنوں کو ڈیرہ اسماعیل خان جیل منتقل کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کے خلاف 26 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے خڑ کمر میں فوج کی ایک چوکی پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔
مقدمے میں علی وزیر اور محسن داوڑ کے علاوہ جنوبی وزیرستان سے سات دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔