بھارت کا سیاحوں اور یاتریوں کو مقبوضہ کشمیر فوری چھوڑنے کا حکم

سری نگر (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) بھارت کی جانب سے سیاحوں اور ہندو زائرین کو مقبوضہ کشمیر فوری چھوڑنے کی ہدایت کے بعد پوری مقبوضہ وادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے جمعہ کے روز ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں وادی کشمیر میں موجود امرناتھ یاتریوں اور سیاحوں کو فوراً طور پر واپس چلے جانے کے لئے کہا گیا۔

بھارتی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی اس ایڈوائزری نے وادی کشمیر میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور طرح طرح کی افواہوں و قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔

ایڈوئزری ریاستی محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری شالین کابرا کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔ اس کو ‘سیکورٹی ایڈوائری’ کا نام دیا گیا ہے جبکہ ایڈوائزری میں لکھا ہے کہ یہ حکومت جموں و کشمیر کے حکم سے جاری کی جا رہی ہے۔

گزشتہ کئی ماہ سے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے حوالے سے بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی کے کئی رہنما بیانات بھی داغ چکے ہیں۔

بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کی باتوں پر مقبوضہ کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ اور محموبہ مفتی سمیت حریت قیادت اور کشمیری عوام شدید تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔

چند روز قبل بھارتی وزارت داخلہ نے بغیر کوئی وجہ بتائے مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اب بھارت کی جانب سے کشمیر سے سیاحوں اور ہندو زائرین کو فوری طور پر مقبوضہ وادی چھوڑنے کی ہدایت نے کشمیری عوام کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

آرٹیکل 370 عارضی ہے تو کشمیر کا بھارت سے الحاق بھی عارضی ہے: فاروق عبداللہ

اس کے علاوہ مودی سرکار نے سی پی آر ایف اور دیگر سیکیورٹی فورسز سمیت امریکی ساختہ سی 17 ملٹری ٹرانسپورٹ طیاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر چھوڑنے کے اعلان کے بعد عوام کی بڑی تعداد کے ائیرپورٹ پہنچنے کے باعث ٹکٹوں کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے دعویٰ ہے کہ حکومت نے دہشت گردی کے مبینہ خدشے کے پیش نظر زائرین اور سیاحوں کو کشمیر چھوڑنے کی ہدایت کی ہے جب کہ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت سرکار کی جانب سے یہ سب کچھ آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

کے ایم ایس کے مطابق مقبوضہ بھارتی افواج نے ہفتے کے روز بھی سرچ آپریشن کی آڑ میں دو نہتے نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں