برف پوش پہاڑوں پر فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر اعظم عمران خان سے سوات کے برف پوش پہاڑوں پر چلنے والے پولیو ورکرز نے ملاقات کی، وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو شاندار خدمات پرخراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی پولیو ورکرز کی سردی کے سخت موسم میں سوات کے برف پوش پہاڑوں پر چلتے ہوئے پولیو ویکسین پلانے کے لیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی کارکردگی کو خوب سراہا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں مذکورہ پولیو ورکرز عرفان اللہ کو ساتھیوں سمیت وزیر اعظم ہاؤس مدعو کیا گیا، پولیو ورکرز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرائی گئی، وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو ان کی شاندار خدمات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے جذبے کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ملاقات میں پولیو سے ملک کو پاک کرنے کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، فوکل پرسن بابر بن عطا اور وفاقی وزیر عامرمحمود کیانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے پولیو ورکرز سے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پولیو ورکرز کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں جن میں وہ شدید سرد موسم اور برف باری کے دوران بھی پولیو پلانے کے لیے اپنے سفر پر رواں دواں تھے، دشوار گزار برفیلے راستے بھی ان کی ہمت نہ توڑ سکے تھے۔

سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف نے بھی ٹویٹر پر ان حوصلہ مند ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں