جرمنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 عراقی گرفتار، اسلحہ اور بارود برآمد

برلن(ویب ڈیسک) جرمن پولیس نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 3 افراد کو کرفتار کر لیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صوبے شلیسوگ ہولشنائن میں جرمن پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار تینوں دہشت گرد عراقی باشندے ہیں اور حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

جرمن پولیس کے مطابق عراقی باشندوں کو خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار تینوں افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان سال نو کی تقریبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ناکامی کے بعد کسی دوسرے مقام پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے۔

جرمن وزیر داخلہ زیہوفر نے عراقی باشندوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا ہے۔

جرمن وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق کس دہشت گرد تنظیم ہے تاہم ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان بم بنانے کی کوشش کر رہے تھے، ان کو دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی سے قبل حراست میں لے لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں