لیبیا فوج نے ترکی کا اسلحہ بردار طیارہ تباہ کر دیا

طرابلس (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) لیبیا میں خلیفہ حفتر کی وفادار فوج نے علی الصباح مصرات کے فضائی اڈے پر موجود ترکی کا ایک اسلحہ بردار جہاز تباہ کر دیا۔

یہ ایک ہفتے میں لیبیا کے اندر یہ دوسری بڑی عسکری کارروائی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کا مال بردار فوجی طیارہ الیوشن IL76 مصرات کے ہوائی اڈے پر موجود تھا۔ اس میں ترکی سے لیبیا میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں اور قومی وفاق حکومت کی حامی ملیشیا کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود لایا گیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ترکی فوجی جنگی طیارے کو انتہائی محتاط آپریشن میں تباہ کیا گیا۔

طیارے پر بمباری کے دوران شہری آبادی اور شہری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور انسانی حقوق کے اصولوں کی مکمل پاسداری کی گئی۔خیال رہے کہ جنرل حفتر کی وفادار فوج کی طرف سے مصرات میں ترکی کے اسلحہ کو تباہ کرنے کی ایک ہفتے میں دوسری بڑی کارروائی ہے۔

گذشتہ ہفتے کے روز لیبی فوج اس ہوائی اڈے پر حکومت نواز ملیشیا کے اسلحہ کے گودام پر بمباری کر کے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کردیا تھا۔لیبی فوج نے الزام عاید کیا ہے کہ مصرات کے ہوائی اڈے کو ترکی اسلحہ کی سپلائی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

ترکی کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کی حامی ملیشیائوں کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ فیلڈ مارشل ریٹائرڈ خلیفہ حفتر کی قیادت میں قائم فوج نے 4 اپریل کو طرابلس کو قومی وفاق حکومت سے آزاد کرانے کے لیے فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ وزیراعظم فائز السراج کی قیادت میں طرابلس کی قومی وفاق حکومت کو اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں