ریاض (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر جدہ میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے خدشات سے آگاہ کر دیا۔
اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، آذربائجان، ترکی اور دیگر رکن ممالک کے مندوبین اورنمائندگان نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس میں شرکاء نے بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔
او آئی سی نے اقوام متحدہ سے انکوائری کمیشن قائم کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔
اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہنا تھا کہ مودی کی سوچ نے نہرو کے بھارت کو برباد کرکے رکھ دیا ، مودی حکومت کے اقدامات کی بھارت میں بھی مذمت ہورہی ہے، بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی اب دفن ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت کچھ اقدامات کررہا ہے اس لیے ہم نے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لوک سبھا کا اجلاس بلا کر مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کا تعین کرنے والے 370 آرٹیکل اور 35اے کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے اقدامات جنوبی ایشیا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو مزید خراب کرنے کے مترادف ہے جو آپ کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔