اسلام آباد اور کراچی سمیت سندھ، بلوچستان میں آج بارش

لاہور (ڈیلی اردو) اسلام آباد اور کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے کئی شہروں میں آج سے بارش کا امکان ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے جب کہ آج رات گئے یا صبح سویرے شہر میں بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شمال مشرقی علاقوں سے ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

شہر قائد کی ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ہے، صبح کے اوقات میں کہر چھانے کے باعث حد نظر 3 کلو میٹر رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاوہ حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد ڈویژن ، کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیر آباد اور سبی ڈیژن میں آج بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

بالائی پنجاب، اسلام آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان میں کہیں کہیں بارش جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر اور کوئٹہ میں بارش کے علاوہ پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر بلوچستان میں وادی کوئٹہ اور گردونواح، مستونگ، بولان، پشین، زیارت، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

دوسری جانب اسکردو میں خون جما دینے والی سردی کے باعث سردی کا کئی سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسکردو کے نشیبی علاقوں میں منفی 20 اوربالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 27 تک گر گیا۔

ضلع استور میں بھی درجہ حرارت منفی 20ڈگری تک پہنچ گیا، جہاں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، راستوں پر برف جمی ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختون خوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجۂ حرارت بگروٹ میں منفی 15، کالام میں منفی 14، گوپس میں منفی 12، ہنزہ میں منفی 8، مالم جبہ میں منفی 6، دیر دروش، پارا چنار اور راولا کوٹ میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں 3، پشاور میں 2، کوئٹہ میں منفی 4، مظفر آباد میں منفی ایک، فیصل آباد میں 4، ملتان میں 7اور حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں