مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے قبل بھارت نے اعتماد میں نہیں لیا: امریکا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے واضح کیا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے قبل مودی سرکار نے کسی بھی سطح پر اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ ایلس ویلز نے کہا ہے کہ کشمیر کے خصوصی حیثیت کے خاتمے سے قبل بھارت نے امریکا کو اپنے اقدام سے متعلق پیشگی اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ ایلس ویلز کا مزید کہنا تھا کہ  اس سے متعلق بھارتی میڈیا پر زیرگردش ان خبروں میں بالکل صداقت نہیں جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے رواں برس فروری میں امریکا کو اپنے اقدام سے آگاہ کردیا تھا۔

قبل ازیں بھارتی میڈیا نے ایسا تاثر دیا تھا جیسے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت کو ختم کر کے دو انتطامی حصوں میں تقسیم امریکا کی آشیرباد کے ساتھ کی گئی ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کے عالمی دباؤ کا سامنا نہیں ہوگا۔

بھارتی رہنماؤں اور میڈیا کی خوش فہمیاں دم توڑتی نظر آرہی ہیں اور ان کی چالبازیاں کسی کام نہ آسکیں، چین، ترکی، او آئی سی اور اقوام متحدہ کی جانب سے تشویش کے اظہار اور ان امریکی وضاحت سے بھارت کا چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں