ملیحہ لودھی کی صدر سلامتی کونسل سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

نیویارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کی صدر کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کی صدر جوانا رونیکا، سفارت کاروں اور اقوام متحدہ کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں بھارتی اقدامات کے باعث خطے کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا، سلامتی کونسل خطے کے امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔

پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ختم کرانا سلامتی کونسل کی ذمے داری ہے اور اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کوتسلیم کر رکھا ہے لیکن بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جوانا رونیکا کو بھارتی اقدامات کے باعث خطے کے امن پر پڑنے والے خطرناک اثرات پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر اور یکطرفہ قانون سازی سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتا، بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، قراردادوں پر عملدرآمد کرانا سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی ذمے داری ہے، پاکستان کشمیر کی سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں