سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی وزارتِ خارجہ آمد ہوئی، دفترِ خارجہ میں انھوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر گفتگو کی گئی۔

سفیر نواف بن سعید نے کہا کہ سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق سیکورٹی انتظامات جاری ہیں۔

ولی عہد کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہوگا، وہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے دو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے، اور پاکستان کے بعد ملائشیا بھی جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کے موقع پر پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی متوقع ہے، توقع ہے کہ 14 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی پیش کش کی ہے، دوست خلیجی ممالک 30 ارب ڈالر کے قرضے اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں