کشمیریوں سے اظہار یکجہتی: قوم آج عید الاضحٰی سادگی سے منائے گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) کشمیر لہولہان، غم میں ڈوبا پاکستان، قوم آج عیدالاضحٰی سادگی سے منائے گی، نہتے کشمیروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم دہرائے گی، نماز عید کے اجتماعات میں آزادی کے متوالوں کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج عیدالاضحی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ حکومت نے بڑی عید کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجتی کیلئے سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیریوں کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فیصل مسجد اور وزیراعظم عمران خان بنی گالا میں نماز عید ادا کریں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوئٹہ اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نماز عید فیصل مسجد میں ادا کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ماڈل ٹاؤن لاہور اور وزیراعلیٰ پنجاب بادشاہی مسجد میں عید کی نماز ادا کریں گے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو عید مظفر آباد میں کریں گے۔ نماز عید کے بعد دونوں رہنما بھارت مخالف ریلی کی قیادت کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر جل رہا ہے اور لہولہان ہے، عید کے موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے، حکومت عیدالاضحٰی سادگی سے منائے گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیریوں کو نماز جمعہ کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ آر ایس ایس کا مائنڈ سیٹ اور مودی کی دہشت گردی کا اصل چہرہ ہے۔ بھارتی ہٹلر مودی نے پیلٹ گن سے نوجوانوں کی بینائی چھین لی لیکن اس سے کشمیریوں کی جدوجہد کم نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں