چین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کو مسترد کر دیا

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔

چین خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق بھارتی وزیر برائے خارجہ امور سبرامنیم جے شنکر نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کمشیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کے حوالے سے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے چین کا مؤقف اصولی ہے، امید ہے بھارت خطے کے امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے وضاحت کی کہ بھارت تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سرحد پر امن برقرار رکھنے کے حوالے سے چین کے ساتھ ہونے والی مفاہمت پر کاربند رہے گا اور تمام سرحدی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک رواں برس چینی صدر اور نریندر مودی کے درمیان غیر رسمی ملاقات کا خواہاں ہے اور اس ملاقات کو کامیاب بنانا چاہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں