دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد

تہران/بیجنگ/واشنگٹن/ابوظہبی/پیرس/کابل/کولمبو/نئی دہلی/ریاض/دبئی/دوشنبہ (نمائندگان ڈیلی اردو) دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا‘ تہران، بیجنگ، ابوظہبی، پیرس، نئی دہلی، کابل اور کولمبو میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا اور قومی پرچم لہرایا گیا‘ اسکول کے بچوں نے تقریب میں ملی نغمے گائے اور ٹیبلو پیش کیا۔ سفرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ اقوام متحدہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منائی گئی جس میں بڑی تعداد میں ایران میں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔

امریکا میں پاکستانی ہائی کمیشن واشنگٹن نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر یوم آزادی منایا ‘یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس میں پاکستانی برادری، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور سفارتکار برادری نے شرکت کی۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا قائم مقام ہائی کمشنر سید حیدر شاہ نے تقریب کے شرکا کو یوم آزادی کے حوالے سے مبارکباد دی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں اسلامی جمہوریہ پا کستان کا 72 واں یوم آزادی شان و شوکت سے منایا گیا۔ تقریب میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت اور اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ آج پاکستان اپنا یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طور پر منا رہا ہے تاکہ ان پر کیے جانے والے بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جا سکے۔

سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کولمبو نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر یوم آزادی منایا ‘یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس میں پاکستانی برادری، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور سفارتکار برادری نے شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر شاہد احمد حشمت نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی، ترقی اور استحکام کی حمایت کی ہے۔

ابوظہبی کے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر غلام دستگیر نے کہا کہ آج کے دن ہم قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے اپنے بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے لیے علیحدہ وطن بنایا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے تنازع کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے عالمی برادری کے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

قائم مقام سفیر پاکستان ڈاکٹر بلال احمد اور کشمیری مہمانوں جناب محبوب رحمان، محترم الیاس رحیم اور سردار مدثر فاروق نے مشترکہ طور پر پرچم کشائی میں حصہ لیا۔

متحدہ عرب امارات کے دبئی قونصل خانے میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

‏افغان دارالحکومت کابل میں قائم پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی سفیر عادل احمد خان نے پرچم کشائی کی۔

تاجکستان میں پاکستانی ہائی کمیشن دوشنبے نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر یوم آزادی منایا ‘یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس میں پاکستانی برادری، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور سفارتکار برادری نے شرکت کی۔

یوم آزادی پر پاکستانی سفارتخانہ فرانس کے زیر اہتمام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیرس میں پرچم کشائی کی سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستانی برادری، سفارتخانے کے اہلکاروں اور میڈیا سمیت سفارتکاروں نے بھی شرکت کی ہے۔ اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر معین الحق نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کا بھارت کا اقدام عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، دوطرفہ معاہدوں اور بھارت کے رہنمائوں کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور بالخصوص سلامتی کونسل کے مستقل اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کا نوٹس لیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق طویل عرصہ سے حل طلب مسئلہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں