کشمیر میں مظالم چلتے رہے تو سنگین نتائج برآمد ہونگے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ میں دنیا کو خبردار کرتا ہوں اگر مقبوضہ کشمیر میں یہ مظالم چلتے رہے تو بھیانک نتیجہ آسکتا ہے۔

یوم سیاہ پر وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ اگر ایسا ہوا تو مسلم دنیا سے شدید ردعمل آئے گا جبکہ انتہاء پسندی کو ہوا ملے گی اور تشدد کا نیا دور ابھرے گا۔

وزیراعظم نے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 12 دن سے کرفیو ہے اور آر ایس ایس کےغنڈے مسلط ہیں۔ کیا دنیا اسی طرح خاموشی سے ظلم کو دیکھتی رہے گی؟

انہوں نے مزید لکھا کہ گجرات میں مودی کے ہاتھوں مسلمانوں کی نسل کشی کی مثال سامنے ہے۔ کیا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھی اسی طرح کی خونریزی اور نسل کشی خاموش تماشائی کی طرح دیکھے گی؟

وزیراعظم نے کہا کہ بارہ دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے اور وادی سے ہر قسم کا رابطہ منقطع ہے۔ وادی میں بھاری فوجی نفری سمیت آر ایس ایس کے غنڈے بھی تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی عوام آج بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل نے مقبوضہ وادی کی موجودہ صورتحال پر کل اجلاس طلب کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں