پاکستان کی کابل خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان نے افغانستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے جس کے خلاف مل کر اقدامات اٹھانا ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کابل میں شادی کی تقریب میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

اپنے تعزیتی بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کابل بم دھماکے میں ساٹھ کے قریب معصوم لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، دہشتگردی خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے جس کے خلاف مل کر اقدامات اٹھانا ہونگے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہزارہ برادری کی شادی کی تقریب میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 63 افراد شہید جبکہ 182 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں