آزاد کشمیر: بھارتی فوج کا ایل او سی تتہ پانی سیکٹر پر گائیڈڈ میزائل سے حملہ، 2 شہری شہید

راولپنڈی (ڈیلی اردو) بھارتی فوج نے ایل او سی تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے مارٹر گولے اور گائیڈڈ میزائل چلا دیئے

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فوج نے مارٹر اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 بزرگ شہری شہید ہوئے۔ شہدا میں 75 سالہ لال محمد اور 61 سالہ حسن دین شامل ہیں۔ شہید ہونیوالے دونوں بزرگ شہری گاؤں نگرائی کے رہائشی تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے شہری آبادی پر مارٹر اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل فائر کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارت جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، بھارت فوج کی فائرنگ و گولہ باری میں اب تک کئی شہری اور فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔

گزشتہ دنوں بھی بھارت فوج کی ایل او سی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوئے جن میں نائک تنویر، لانس نائک تیمور، سپاہی رمضان اور سپاہی محمد شیراز شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں