راولا کوٹ: بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر سنائپر سے فائرنگ، 7 سالہ بچہ شہید

راولا کوٹ (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول عباسپور سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 7 سالہ بچہ صدام جام شہادت نوش کرگیا۔

بھارتی فوج نے اسنائپر گن سے ٹارگٹ کرکے صدام کو نشانہ بنایا جس کے سر پر گولی لگی۔ بچے کو شدید زخمی حالت میں سی ایم ایچ راولاکوٹ لایا گیا۔

ڈاکٹروں نے صدام کو بچانے کی سر توڑ کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔ لائن آف کنڑول پر رات بھر تتہ پانی سمیت دیگر سیکٹرز میں بھارتی گولہ باری جاری رہی جس سے گزشتہ روز بھی درہ شیر خان سیکٹر میں 2 بزرگ شہری شہید ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر پونچھ نے ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں تمام اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ننھے صدام کی شہادت پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدام کی تصویر دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، بھارتی فوج نے چھوٹے بچے کو اسنائپر گن سے نشانہ بنایا، صدام کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، اسے پورے سرکاری اعزاز کیساتھ دفن کیا جائے گا۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی فوج دہشت گرد فوج ہے، صدام کی تصویر دیکھ کر ہر صاحب اولاد تڑپ کر رہ گیا ہے، معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بدترین فسطائیت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں