جی سیون سمٹ کے موقع پر مسئلہ کشمیر بارے مودی سے بات کروں گا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کشمیر کے کشیدہ اور پیچیدہ تنازع پر جوہری قوت کے حامل فریقین بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے رواں ہفتے کے اختتام پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کریں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کشمیر بہت پیچیدہ جگہ ہے، وہاں ہندو بھی ہیں اور مسلمان بھی اور یہ بات واضح ہے کہ دونوں کے ایک دوسرے سے بہتر تعلقات نہیں، میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت بڑا مسئلہ ہے، یہ بہت پیچیدہ صورتحال ہے، اس میں مذہب کا بھی بہت بڑا کردار ہے اور مذہب بھی ایک پیچیدہ موضوع ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ برصغیر میں بات چیت مختلف انداز میں کئی سالوں سے جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں