وزارت داخلہ نے براس اور حزب الاحرار کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت داخلہ حزب الاحرار اور بلوچستان میں سرگرم تنظیم براس کو دہشتگرد قرار دے دیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حزب الاحرار اور بلوچ راجی آجوئی سنگر (براس) کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے دونوں تنظیموں کو دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر کالعدم قرار دیا۔ دونوں تنظیموں کے بارے میں انٹیلی جینس رپورٹس کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی طرف سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

انسداد دہشتگردی کے صوبائی محکموں کی طرف سے وزارت داخلہ کے احکامات پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے بلوچ راجی آجوئی سنگر (براس) کے نام سے اتحاد کا اعلان گذشتہ سال 18 نومبر کو کیا گیا تھا جس میں بلوچ لبریشن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ اور بلوچ ریپبلکن گارڈز شامل تھے۔

یاد رہے کہ رواں سال 18 اپریل کو گوادر کے علاقے اورماڑہ میں کوسٹل ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کو شناخت کے بعد شہید کیا گیا تھا۔ شہدا میں پاکستان نیوی اور ایئر فورس کے اہلکار شامل تھے۔ ان دونوں حملوں کی ذمہ داری براس نے قبول کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں