دمشق (ڈیلی اردو) خان شیخون پر قبضے کے بعد شامی فورسز نے اس کے مضافاتی اور اسٹریٹیجک لحاظ سے انتہائی اہم شہر ادلب سے عام شہریوں کو نکل جانے کی اجازت دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں شامی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ادلب سے عام شہریوں کے انخلا کا فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
ادلب دہشت گردوں کا آخری مضبوط گڑھ ہے اور شامی فورسز اس کے دروازوں تک پہنچ چکی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ادلب میں موجود عام شہریوں کی تعداد کتنی ہے۔ کارکنوں کے مطابق شہریوں کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی وہاں سے نکل چکی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق اپریل کے اواخر سے اب تک چار لاکھ سے زائد افراد یہ علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔