کیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟

نیویارک (ویب ڈیسک) جانئے وہ بات جو آپ کو کبھی کسی نے نہیں بتائی تیل کے عالمی سودے بیرل کے پیمانے میں ہوتے ہیں۔ بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ بیرل میں کتنا تیل ہوتا ہے اور ایک بیرل خام تیل سے کون سی پٹرولیم مصنوعات کتنی مقدار میں نکلتی ہیں۔

ویب سائٹ eia.gov نے اپنی رپورٹ میں تفصیل کے ساتھ ان سوالات کے جوابات دیئے ہیں۔ ویب سائٹ نے بتایا ہے کہ ایک بیرل میں 159لیٹر خام تیل ہوتا ہے۔ جب اسے ریفائن کیا جاتا ہے تو اس ایک بیرل خام تیل میں سے 72لیٹر پٹرول اور ساڑھے 45لیٹر ڈیزل نکلتا ہے۔

ان کے علاوہ خام تیل سے مٹی کے تیل اور ایل پی جی سمیت درجن سے زائد پٹرولیم مصنوعات نکلتی ہیں۔ ان کی مجموعی مقدار ساڑھے 26 لیٹر ہوتی ہے۔ خام تیل صاف کرنے والی ریفائنریاں ایسی مائع مصنوعات بھی پیدا کرتی ہیں جو پٹروکیمیکل انڈسٹری میں کئی طرح کے کیمیکلز اور پلاسٹک بنانے میں استعمال ہوتی ہیں۔

ریفائنریوں میں زیادہ تر ایسا تیل پیدا کیا جاتا ہے جو ٹرانسپورٹیشن میں استعمال ہوتا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریفائنریوں میں پٹرولیم مصنوعات نکلنے کا تناسب وقتاً فوقتاً تبدیل ہوتا رہتا ہے کیونکہ ریفائنریاں ان مصنوعات کی طلب کے لحاظ سے ان کی مقدار کم یا زیادہ کرتی رہتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ریفائنریاں دن کے 24 گھنٹے اور سال کے 365 دن چالو رہتی ہیں اور ایک ریفائنری میں ملازمین کی بڑی تعداد کام کرتی ہے۔ ملازمین کی تعداد کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک ریفائنری کا رقبہ فٹ بال کے کئی سو میدانوں کے برابر ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں