مقبوضہ کشمیر میں کربلا جیسی صورتحال ہے: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کربلا جیسی صورتحال ہے۔

پیر کے روز اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری دنیا کی سب سے بہادر قوم ہیں کیونکہ وہ بھارت کے نو لاکھ فوجیوں سے مقابلہ کررہے ہیں اور ہم کشمیر کو کبھی ہندو توا کا شکار نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو اعتماد میں لئے بغیر کسی بھی بین الاقوامی ثالثی کو قبول نہیں کرے گا۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا ہے اور ہم اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں۔مودی کے اقدام نے ہم سب کو متحد کردیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کشمیر کے مسئلے کو موثر طور پر اجاگر کرنے پر پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے معلومات اور صحت کے بنیادی حقو ق سے محروم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے کوئی اطلاع نہیں مل رہی کیونکہ موبائل، انٹرنیٹ اور لینڈ لائن سروسز تک بند کردی گئی ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں علاج معالجے کی سہولیات کے بحران کا خدشہ ہے کیونکہ لوگوں کو ہسپتالوں میں ادویات کی قلت اور ڈاکٹروں اور نرسوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں