آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر گفتگو

راولپنڈی (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور خطے کی سیکیورٹی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اشتراک بڑھانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بالخصوص تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی فورمز پر کشمیر سمیت تمام ایشوز پر چین کی حمایت قابل تحسین ہے۔

اس دوران  چینی جنرل کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ اپنے آزمودہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔

قبل ازیں دفاعی تعاون بڑھانے اور پاک فوج کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چینی وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں