پاکستان کی حکومت، عوام حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دینگے: وزیراعظم

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت، قیادت اور عوام مکمل طور پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز کے اپنے خطاب اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے حکومت کے اقدامات کے بارے میں کابینہ کو اعتماد میں لیا۔

ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعظم کی جانب سے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کیلئے جمعے کے مقدس دن کا انتخاب کرنے کے فیصلے کی توثیق کی۔

کابینہ نے مسئلہ کشمیر اُجاگر کرنے میں حکومت کے اقدامات اور حال ہی میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے ارکان پر مشتمل کشمیر کے بارے میں فوکل گروپ کے قیام کو سراہا۔

کابینہ کے ارکان نے وزیراعظم کو آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ان کے آئندہ خطاب میں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کی آواز بن گئے ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کو فیصلہ کن موڑ پر لاکھڑا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں