غزہ میں داعش کے پولیس چیک پوسٹوں پر خودکش حملے، 3 فلسطینی اہلکار شہید

غزہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) غزہ شہر میں دو خودکش حملوں میں 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی جنگی طیاروں نے حملے کئے۔

تفصیلات کے مطابق فلسطین کے شہر غزہ میں دو پولیس چیک پوائنٹس کے قریب دو خودکش حملوں میں 3 فلسطینی اہلکار شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد غزہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ یہ حملے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ (داعش) سے منسلک خودکش حملہ آوروں نے کیے ہیں۔

یہ حملے غزہ میں حماس کی جانب سے دولت اسلامیہ (داعش) کے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد ہوئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو حملہ کرنے والوں میں سے ایک حملہ آور پولیس کی حراست میں بھی رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کو غزہ کی پٹی میں دو پولیس کی چوکیوں کے قریب دھماکے ہوئے جس سے چوکیوں تباہ ہوگئیں۔ ان دھماکوں میں پولیس نے تین افسر شہید اور متعدد شہریوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق دھماکوں کے بعد غزہ میں ہنگامی حالت کا نفاذ کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ کے ترجمان عیاد البوزم نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دھماکوں میں ملوث ملزمان کی شناخت میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے جرم میں ملوث ملزمان سزا سے نہیں بچ سکتے۔

عینی شاہد کے مطابق ایک موٹرسائیکل سوار پولیس چیک پوسٹ کے قریب سے گزر رہا تھا کہ اچانک دھماکا ہوگیا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکے میں دو پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے اور ایک شہری زخمی ہوا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق پہلے دھماکے بعد چند منٹوں بعد دوسرا دھماکا قریبی پولیس چوکی کے قریب ہوا جس میں ایک اور پولیس اہلکار شہید ہوگیا اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل اسرائیلی فضائی نے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صہیونی فورسز کی جانب سے فضائی حملوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی البتہ بین الااقوامی خبر رساں اداروں نے ان تازہ حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق فضائی حملوں میں تین افراد شہید ہوگئے۔

گذشتہ روز بھی اسرائیل نے لبنانی البقاع کے علاقے قوسایا میں فلسطینی پاپولر فرنٹ تنظیم کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔

ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے لبنان اور شام کی سرحد پر تین حملے کیے اور البقاع کے مختلف علاقوں میں کئی دھماکے سنے گئے۔

ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیلی کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے قبل لبنانی حزب اللہ تنظیم کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ میں دو ڈرون طیاروں کے گرنے کے بعد اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں