افغان سیکیورٹی فورسز کا مختلف علاقوں میں آپریشن، 58 طالبان، داعش دہشت گرد ہلاک

کابل (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملے میں 58 سے زائد طالبان اور داعش دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ طالبان کا ایک سٹیشن بھی تباہ کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز غزنی صوبہ کے ضلع خواجہ اوماری سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر طالبان کے زیر استعمال ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 طالبان ہلاک متعدد زخمی ہوگئے حملے میں عمارت بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کو طالبان اپنا ایک ریڈیو اسٹیشن چلانے کیلئے استعمال کررہے تھے۔

افغان وزارت دفاع کے مطابق پکتیا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 37 طالبان دہشت گرد مارے گئے جبکہ ہلمند میں 4 طالبان مارے گئے۔

افغان خبر رساں ایجنسی خامہ پریس  کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں سیکورٹی فورسز کی ہلمند، ننگرهار اور قندھار سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران طالبان اور داعش کے کم از کم 15 دہشت گرد مارے گئے۔

خیال رہے افغان سیکورٹی فورسز داعش اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف مسلسل مہم چلا رہی ہیں۔

دوسری جانب افغانستان کے جذان صوبے میں دو طالبان گروپوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں