رحیم یار خان (ڈیلی اردو) پنجاب کے ضلع رحیم یارخان میں اے ٹی ایم مشین توڑنے اور منہ چڑانے والا ملزم پولیس حراست میں ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم صلاح الدین ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پولیس کی حراست میں دم توڑ گیا جبکہ پولیس کے مطابق ملزم صلاح الدین حوالات میں عجیب حرکتیں کر رہا تھا اس دوران ملزم کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دوران علاج وہ دم توڑ گیا۔
لاش کو پوسٹمارٹم کے بعد شیخ ہسپتال کے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔
ڈی ڈی پی او عمر سلامت نے دوران حراست ملزم کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کو دو روز قبل شاہی روڈ پرواقع بینک کے ’اے ٹی ایم‘ سےمشین توڑنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے 4 روز پہلے فیصل آباد میں بھی اسی نوعیت کی واردات کی تھی جس کی سی سی ٹی وی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔