لاہور پولیس نے محرم الحرام کی سیکورٹی کا پلان تیار کرلیا

لاہور (ڈیلی اردو) پولیس نے محرم الحرام کی سیکورٹی کا پلان تیار کرلیا۔ پندرہ ہزار (15000) سے زائد پولیس اہلکار مجالس اور جلوسوں کے روٹ پر تعینات ہوں گے جبکہ مجالس اور جلوسوں کو حساسیت کے لحاظ سے اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیاہے۔

لاہور میں 5235 مجالس اور 650 جلوسوں پر 06 ایس پیز، 35 ڈی ایس پیز، 84 انسپکٹرز اور 15 ہزار سے زائد پولیس افسران واہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے.

اے کیٹیگری میں 610، بی میں 3471 جبکہ سی کیٹیگری میں 1154 مجالس شامل ہیں۔141 جلوسوں کو اے، 454 بی جبکہ 55 کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

حساس قرار دی گئیں مجالس اور جلوسوں میں پولیس اہلکار سادہ لباس میں بھی موجود ہونگے۔

امام بارگاہوں پر مورچوں کی تعمیر، واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کردی گئیں ہیں، مرکزی جلوس اور مجالس کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔ 10ہزار سے زائد رضا کار بھی سیکیورٹی کا حصہ ہونگے،لیکن لاوڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں