بلوچستان: کوئٹہ پولیس نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان جاری کردیا

کوئٹہ (ڈیلی اردو) پولیس نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان جاری کردیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بلوچستان شعیہ کانفرنس کے صدر داود آغا اور دیگر سیکیورٹی حکام کے ہمراہ  محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 56 امام بارگاہوں اور 16 تکیہ خانوں کی حفاظت کیلئے 2300 سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ حساس امام بارگاہوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 7 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ محرم الحرام کے دوران پاک فوج کی تین بٹالین اسٹینڈ بائی رہیں گی۔

ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ عاشورہ کے روز جلوس کے راستوں پر 5200 پولیس اہلکار و افسران تعینات ہوں گے اور بلوچستان شیعہ کانفرنس کے 2 ہزار رضا کار بھی سیکیورٹی میں معاونت کریں گے۔

گزشتہ روز محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان نے یکم تا 10 محرم الحرام صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے جس پر کل سے ہی مکمل عمل درآمد شروع ہو گیا ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں گے۔

محمکہ داخلہ بلوچستان کے نوٹیفیکشن کے مطابق یکم سے دس محرم الحرام تک ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، پوسٹرز اور وال چاکنگ و ماتمی جلوسوں کی روٹ اور امام بارگاہوں کے قریب کی دکانوں کے علاوہ مکانات کی انتظامیہ سے اجازت لئے بغیر کرایہ داری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر ميں امن وامان کےلئے مذکورہ بالا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں