قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مساجد شہید کردیں، 30 سے زائد فلسطینی اغوا

غزہ + مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاست کی مظالم جاری، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مساجد کو شہید کردیا جبکہ مقبوضہ بیت المقدس سے 30 سے زائد فلسطینیوں کو اغوا کرلیا گیا۔

آنلائن نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی بلڈوزروں نے پولیس اور فوج کی نگرانی میں علی الصبح مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل کے علاقے “جبل جئیس “پر دھاوا بولا اور زیر تعمیر مسجد کو شہید کردیا۔

دوسری جانب صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے “جبل جوھر” میں بھی ایک مسجد کو بلڈوزر کی مدد سے شہید کردیا، اسرائیلی فوج  کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ مسجد غیر قانونی طور پر یہودیوں کے علاقے میں تعمیر کی گئی تھی جو کہ اوسلو معاہدے کے تحت  اسرائیلی کے زیر انتظام ہے اور اسرائیل اپنے علاقوں میں فلسطینیوں کی تعمیرات کو برداشت نہیں کرے گا۔

دریں اثنا قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے متعدد علاقوں جن میں الخلیل، جنین، قلقیلیہ، العیسویہ اور پناہ گزین کیمپ شامل ہیں میں رات گئے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا اور رویتی لوٹ مار اور توڑپھوڑ کے ساتھ رہائشیوں کو ذدوکوب کرتے ہوئے 30 سے زائد فلسطینیوں کواغواء کرلیا۔

قابض صیہونی فوج کی جانب سے اغواء کئے جانے والوں میں متعدد سابق اسیر بھی شامل ہیں جو انتظامی قید کے تحت کئی سالوں کی سزا بھگت کر آئے ہیں۔

صیہونی فوج کی ظالمانہ اقدامات پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا جس پر قابض فوج نے آنسو گیس کے شیل فائر کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں