10

کوئٹہ: محرم الحرام میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، اہلکار شہید، خودکش حملہ آور خاتون سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو) سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی بروقت کارروائی نے کوئٹہ شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔ ایک خاتون، دو خودکش بمباروں سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر واقع ایک کمپاونڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر رات گئے کارروائی شروع کی، اس دوران دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس بھی پہن رکھی تھیں، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے

سیکیورٹی فورسز نے جیسے ہی مذکورہ کمپاونڈ کو گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، مزید ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو خودکش بمباروں سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے، مارے گئے دہشت گردوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، اطلاعات تھی کہ دہشت گرد محرم الحرام کے دوران شہر میں کسی بڑے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں