نیپرا نے فی یونٹ بجلی ایک روپے 78 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (محمد احسان) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 78پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔

نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 93 پیسے مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

نیپرا نے سماعت کے دوران بجلی کے ترسیلی نقصانات ہدف سے زیادہ ہونے اور دیگر ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 78 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی۔

بجلی مہنگی کرنے سے صارفین پر 24 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

دوران سماعت بتایا گیا کہ اگر جولائی میں مہنگے پاور پلانٹس کی جگہ ایل این جی پر سستے پاور پلانٹس چلائے جاتے تو ساڑھے 5 ارب روپے تک بچت ہوسکتی تھی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ آئندہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اکنامک آرڈر کے خلاف چلائے جانے والے پلانٹس کی تفصیلات پیش نہ کی تو ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست سماعت کیلئے منظور ہی نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں