واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط سے انکار کر دیا، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پومپیو سمجھتے ہیں دستخط کرنا طالبان کو اصل سیاسی قوت کے طور پر تسلیم کرنے کے مترادف ہو گا۔
امریکی جریدے نے امریکی عہدے داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممکنہ معاہدے سے منسلک شدید نوعیت کے خدشات کے باعث وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس پر دستخط سے انکار کر دیا ہے۔
اس معاہدے میں کئی اہم چیزوں سے متعلق یقین دہانی موجود نہیں ہے، معاہدے میں القاعدہ کے خلاف جنگ کے لیے امریکہ کی انسداد دہشت گردی فورسز کی مسلسل موجودگی کی ضمانت فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ گارنٹی موجود ہے کہ کابل کی امریکہ نواز حکومت قائم رہے گی، جب کہ افغانستان میں لڑائیوں کے خاتمے کی بھی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔