مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے بیٹے عبداللہ مرسی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

قاہرہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) مصر کے سابق صدر محمد مرسی مرحوم کے سب سے چھوٹے بیٹے عبداللہ مرسی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سابق صدر محمد مرسی کے  بیٹے عبداللہ مرسی کی عمر 25 سال کے لگ بھگ تھی، انہیں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

مرسی فیملی کی جانب سے بھی عبداللہ مرسی کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عبداللہ مرسی اپنے والد کی اچانک موت کے بعد سے کئی طبی مسائل کا شکار تھے اور ان کی موت کار ڈرائیونگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

واضح رہے کہ محمد مرسی مصر کے پہلے منتخب صدر تھے، انہیں 2013 میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد گرفتار کرلیا گیا اور وہ جب سے ہی قید میں تھے لیکن رواں سال 17 جون کو عدالت میں دوران ٹرائل ان کی اچانک موت واقع ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں