کوئٹہ میں دو دھماکے، ایک رضاکار شہید، ایس ایچ اوز اور صحافیوں سمیت 12 افراد زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خروٹ آباد کے علاقے خیزی چوک پر آدھے گھنٹے میں دو دھماکے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں چھیپا ایمبولینس کا رضاکار محمد نعیم شہید ہوگیا اور دو ایس ایچ اوز، پولیس اہلکاروں اور صحافیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں خیزی چوک پر آدھے گھنٹے کے دوران دو دھماکے ہوئے، پہلے دھماکے کے بعد جب ریسکیو اہلکار، پولیس اور میڈیا نمائنداگان جائے وقوعہ پر پہنچے تو ایک اور زور دار دھماکہ ہوگیا۔

دھماکے ٹرانسپورٹ کمپنی کے آفس میں ہوئے جس میں 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا جارہاہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر کے اندر ہوئے جبکہ دھماکوں میں دو ایس ایچ اوز، پولیس اہلکاروں اور صحافیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق زخمیوں میں ایئرپورٹ اور خروٹ آباد تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں جبکہ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے رپورٹرز ابرار احمد اور کیمرہ مین رحمت علی بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابرار احمد کو ٹراما سنٹر سول ہسپتال جبکہ رحمت علی کو بی ایم سی منتقل کردیا گیا ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی تک دھماکوں کی نوعیت کا پتا نہیں چل سکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی کے دوران عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے دو خودکش حملہ آوروں اور خاتون سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں