آزاد کشمیر: کوٹلی میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری، 5 افراد زخمی

کوٹلی (ڈیلی اردو) ضلع کوٹلی کی تحصیل کھوئی رٹہ سے مقامی لوگوں نے جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، کرفیو اور پابندیوں کے خلاف جلوس نکالا اور سیری چتر سے جنجوٹ بہادر سیز فائر لائن کی طرف مارچ کیا، جس پر بھارتی فوج نے نہتے اور پرامن مظاہرین پر گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق زخمیوں میں افتخار بٹ، ارسلان، نادر بٹ، انیس اور مدثر شامل ہیں۔

صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان
، وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان اور چیف سیکرٹری و سیکرٹری داخلہ مطہر نیاز رانا نے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت جیسے مکار اور بزدل دشمن سے ہوشیار رہیں اور خطرناک زون میں جانے سے احتیاط برتیں۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔ 80 لاکھ کے قریب آبادی کا 33 دن سے محاصرہ کر رکھا ہے اور ان کو کرفیو جیسی پابندیوں میں جکڑ رکھا ہے جو انسانیت کے خلاف بہت بڑا ظلم ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہندوستان ایسے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا اس کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔

چیف سیکرٹری و سیکرٹری داخلہ آزادکشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران دشمن کے قریب نہ جائیں۔ مکار اور بزدل دشمن آپ کی جان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، ان کے ساتھ تعاون کریں اور خطرناک ایریا میں جانے سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں