شاہ محمود قریشی کا یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی کو فون، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ 5 اگست سے مسلسل بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کے سبب نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ایک نئے انسانی المیے کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بار دگر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں